جسٹس محمد منیر شہید
جسٹس محمد منیر خان اگست 1929 میں ضلع راجن پور کے ایک قریبی قصبہ کوٹلہ نصیر میں پیدا ہوئے۔ 1945 میں گورنمنٹ ہائی سکول ڈیرہ غازی خان سے میٹرک کا امتحان پاس کیا۔
گورنمنٹ ڈگری کالج ڈیرہ غازی خان سے بی اے پاس کرنے کے بعد 1952 میں سندھ مسلم لا کالج سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ ایل ایل بی کرنے کے بعد انہوں نے صادق آباد ضلع رحیم یار خان سے وکالت کا آغاز کر دیا اور اپنی بے پناہ ذہانت اور قانونی مہارت کی بنا پر بہت جلد مشہور ہو گئے۔ چنانچہ 1981 میں وہ لاہور ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے۔ بعد ازاں ان کی گرانقدر پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے پیش نظر 1994 میں انہیں سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا۔ ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ان کی منصفانہ سے صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے حکومت نے احتساب عدالتوں کے لیے ان کی خدمات حاصل کیں۔ چنانچہ 22 اکتوبر 1996 کو انہوں نے پنجاب کے پہلے صوبائی محتسب اعلیٰ کا حلف اٹھایا۔ صوبائی محتسب کی حیثیت سے انہوں نے حکومت کو ہدایت کی کہ ثقافتی فنکار، شعراء اور صاحب علم لوگ جو ہمارا قومی ورثہ ہیں ان کی مالی امداد کی جائے۔ وہ حد درجہ ذی فہم، صاحب فراست اور قانونی موشگافیوں کا کامل ادراک رکھتے تھے۔ با لآخر 28 دسمبر 1996 کی صبح کو جب وہ اپنے دفتر جا رہے تھے، دو نامعلوم اشخاص نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر کے انہیں شہید کر دیا۔
جسٹس منیر شہید نے عدلیہ کو ایک نیا وقار بخشا، اور ایسے فقید المثال فیصلے کیے جن سے مقننہ میں نئی تاریخ رقم ہوئی۔ ان کے چند اہم فیصلے یہ ہیں
پندرہ یوم کے اندر چالان مرتب کر کےمقدمہ عدالت میں دیا جانا۔
عورتوں کو تھانہ میں مقید نہ رکھنا۔
جیلوں میں پڑے بے گناہ بنگلہ دیشی/ ہندوستانی مسلمانوں کو آزاد کر کے سرحد پار کرانا۔
چولہا بنانے والی کمپنیوں کو معیاری چولہا بنانے کا پابند کرنا۔
غریب لوگوں کے مقدمات کی مفت پیروی کرنا۔
مرد ڈاکٹرز کے ہاتھوں عورتوں کا پوسٹ مارٹم ممنوع قرار دینا۔
سینما ایکٹ بابت کا فیصلہ VCR
جسٹس محمد منیر خان ضلع راجن پور کا قابل فخر سرمایہ اور نا بھولنے والی شخصیت تھے۔ قانون کے میدان میں ان کی علمی مہارت اور تجربہ ہمیشہ زبان زد عام رہا۔ راجن پور کے عوام جسٹس صاحب کی خدمات اور پیشہ ورانہ تجربات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ ایسی ہی شخصیات کے بارے میں مرزا غالب نے کہا تھا۔
مقدور ہو تو خاک سے پوچھوں کہ اے لئیم
تو نے وہ گنج ہائے گراں مایہ کیا کیے۔۔۔؟
تحقیق و ترتیب : غازی امان اللہ – سابق ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسرراجن پور











