ممبر قومی اسمبلی سردار عمار خان لغاری کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات، امن و امان کی صورتحال اور مختلف محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راجن پور عمران حسین رانجھا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عمران، ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سردار عبد العزیز خان دریشک،،وقاص خان گورچانی سمیت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز عامر افتخار، سیف اللہ،اسسٹنٹ کمشنرز محمد احمد، اشرف صالح، شاہد اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عدیل، چیف ایگزیکٹو آفیسر صحت و تعلیم ڈاکٹر عامر بشیر، راشد نذر شیروانی، ایم این اے و ایم پی اے کے نمائندہ گان اور محکمہ انہار، بلڈنگ، ہائی وے و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ایم پی ایز نے اپنے اپنے حلقہ انتخاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی اپ ڈیٹ حاصل کی اور مختلف منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں زیر تعمیر سڑکوں و پلوں، پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، سکولوں اور ہسپتالوں کی تعمیر و مرمت سمیت کچہ ڈویلپمنٹ پروگرام اور دیگر عوامی فلاحی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ضلعی ترقیاتی محکموں کے سربراہان نے جاری منصوبوں، ان کی تکمیل کی رفتار، درپیش مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر افسران نے مختلف منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں سے بھی آگاہ کیا، جن کے حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔ممبر قومی اسمبلی سردار عمار خان لغاری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ڈپٹی کمشنر عمران حسین رانجھا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں، تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ذریعے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کریں تاکہ عوام جلد از جلد ان کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں.ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عمران نے اجلاس کو پولیس میں کانسٹیبل کی بھرتی، ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جرائم کی روک تھام، سکیورٹی اقدامات اور پولیس کی جانب سے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔مزید برآں ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ افسران کو چاہئے کہ وہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنائیں اور متعلقہ افسران ترقیاتی منصوبوں اور علاقائی ترقی کے لیے جاری کاموں کی خود مانیٹرنگ کریں اور فیلڈ میں جا کر منصوبوں کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیں۔








